ٹیک آف کرتے ہی جہاز کا پہیہ نکل کر گر گیا، ویڈیو وائرل

اوٹاوا: کینیڈا میں ٹیک آف کے دوران ایک طیارے کا اگلا پہیہ نکل کر گر گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں ٹیک آف کے دوران ایک طیارے کا اگلا پہیہ نکل کر گیا جس کے بعد طیارے کو واپس اتارنا پڑا، حادثہ 3 جنوری کو پیش آیا، پرواز مونٹریال ٹروڈو ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی۔

ایئرپورٹ پر پیش ہونے والے واقعے کو ٹام نامی مسافر نے اپنے کیمرے میں محفوظ کرلیا اور لکھا کہ ’تو اچھا، میں اس وقت جس طیارے میں ہوں وہ ابھی ابھی پہیے سے محروم ہوا ہے، 2020 کا یہ اچھا آغاز ہے۔‘

رپورٹ کے مطابق پہیہ گرنے کے بعد شمال میں 230 میل دور واقع شہر بیگوٹ ویل جانے والی پرواز کو واپس موڑ کر مونٹریال میں لینڈ کرنا پڑا۔

جیز ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ تجربہ کار پائلٹس طیارے کو مکمل طور پر اپنے قابو میں رکھتے ہیں، ہمارے پائلٹوں کو اس قسم کی صورت حال سے نمٹنے کی اچھی تربیت دی گئی ہے۔

ایوی ایشن حکام نے کہا کہ ہمارا عملہ پہیہ گرنے کی وجوہات کا تعین کررہا ہے، طیارے کا مکمل معائنہ کرنے کے بعد اس کی ضروری مرمت کی جائے گی۔

جیز ایوی ایشن حکام کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر ہوائی اڈے پر ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے ضروری گاڑیاں طلب کرلی گئی تھیں، ڈیش 300-8 بحفاظت زمین پر اترنے میں کامیاب رہا، حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2019 میں کینیا میں ایک طیارے کو ٹیک آف کرنے کے بعد پہیہ گرنے کی وجہ سے ہنگامی طور پر لینڈنگ کرنی پڑی تھی۔