ہالی ووڈ اداکارہ لنڈسے لوہن کا 2 سالہ بیٹا ایک شو کے دوران انھیں ٹی وی میں دیکھ کر پریشان ہوگیا اور انھیں ٹی وی سے باہر نکالنے کے جتن کرنے لگا۔
"دی ٹو نائٹ شو اسٹارنگ جمی فالن ” میں پیر کو اداکارہ لنڈسے لوہن نے شرکت کی اور اپنی زندگی کے کچھ واقعات شیئر کیے، جہاں انھوں نے بتایا کہ کس طرح ان کا دو سالہ بیٹا چھوٹے بچوں والی عام سی غلط فہمی میں مبتلا ہوا جب اس نے اپنی ماں کو نیشنل ٹیلی ویژن پر دیکھا۔
لنڈسے لوہن میں شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا آج صبح میرے سسرال والوں اور میرے شوہر کے ساتھ تھا اور میرا ‘گڈ مارننگ امریکہ’ شو ٹی وی پر آرہا تھا۔
اس دوران میرا ننھا بیٹا مجھے ٹی وی پر دیکھ کر حیران و پریشان ہوگیا اور کہنے لگا کہ ‘ممی، باہر آئیں! ممی!’ لوہن نے ہنستے ہوئے بتایا کہ "اس نے سوچا کہ میں ٹی وی میں پھنس گئی ہوں۔”
لنڈسے لوہن نے بدر شماس نامی شخص سے شادی کی ہےجو دبئی میں مقیم ایک فنانسر ہیں۔ جوڑے نے 2020 میں ڈیٹنگ شروع کی، نومبر 2021 میں ان کی منگنی ہوئی اور اپریل 2022 میں شادی ہوئی جبکہ جولائی 2023 میں ان کا بیٹا لوائی پیدا ہوا۔
خیال رہے کہ لنڈے لوہن اس وقت امریکا میں موجود ہیں اور "فریکیر فرائیڈے” کے سیکوئل کی تشہیر میں مصروف ہیں جو کہ 8 اگست کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے، فلم میں پہلی بار لنڈسے لوہان نے ماں کا کردار ادا کیا ہے۔