ٹرمپ کے جنگ بندی کروانے کے دعوے پر مودی کب بولیں گے؟ کانگریس

ٹرمپ کے جنگ بندی کروانے کے دعوے پر مودی کب بولیں گے؟ کانگریس

نئی دہلی: کانگریس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کروانے کے دعوے پر ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کر دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کانگریس کے جنرل سکریٹری جیرام رمیش نے ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ 21 دنوں میں 11ویں بار ہے جب نریندر مودی کے ’عظیم دوست‘ نے دعویٰ کیا کہ ان کا پاکستان اور انڈیا کے مابین جنگ بندی کروانا کا کردار ہے۔

جیرام رمیش نے نریندر مودی سے سوال کیا کہ وہ اس پر کب خاموشی توڑیں گے؟

اس سے قبل جیرام رمیش نے ایکس پر لکھا تھا کہ 3 ممالک اور 3 شہروں میں یہ 20 دن میں 9واں موقع ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ نے دہرا یا کہ انہوں نے پاکستان اور انڈیا میں جنگ کو روکا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے سکریٹری نے 23 مئی کو نیو یارک میں بین الاقوامی تجارت کی عدالت میں بالکل وہی دعوے کیے تھے۔

’لیکن ڈونلڈ بھائی کے دوست نریندر مودی ان دعووں کو نظر انداز کرتے ہوئے بالکل خاموش ہیں، وہ کیوں نہیں بولتے؟ کیا ڈونلڈ ٹرمپ بھی وہ کام کر رہے ہیں جو مودی ہر وقت اور اتنے اچھے طریقے سے کرتے ہیں یعنی جھوٹ بول رہے ہیں؟ یا وہ بھی صرف 50 فیصد سچ بول رہے ہیں؟‘

یاد رہے کہ کانگریس مرکزی حکومت پر زور دے رہی ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعووں پر وضاحت پیش کرے۔