پی پی سندھ اور بلوچستان کابینہ کب تشکیل دے گی؟

پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اور بلوچستان میں اپنی حکومت بنا لی ہے تاہم دونوں صوبوں میں کابینہ تشکیل نہیں دی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاق چاروں صوبوں میں سربراہان حکومت نے حلف اٹھا لیے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اور بلوچستان میں اپنی حکومت قائم کی ہے تاہم ان دونوں صوبوں میں تاحال کابینہ کی تشکیل نہیں ہو سکی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی قیادت کی اس وقت ساری توجہ صدر مملکت کے الیکشن پر ہے جو 9 مارچ کو ہونا ہے۔ صدارتی انتخاب کے فوری بعد ہی دونوں صوبوں میں کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے سندھ اور بلوچستان کابینہ پر ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے اور دونوں صوبوں میں وزرا، مشیران اور معاونین کی فہرست تیار کر لی گئی ہے جن کے ناموں کی حتمی منظوری چیئرمین پی پی بلاول بھٹو دیں گے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سندھ کابینہ میں متعدد نئے چہرے شامل کیے جانے کا امکان ہے جب کہ بلوچستان کابینہ میں نومنتخب سنیئر رہنماؤں کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق میر صادق عمرانی اور ظہور بلیدی بلوچستان کابینہ کا حصہ ہوں گے۔