شکیب الحسن پاکستان سے واپس بنگلہ دیش نہیں تو کہاں چلے گئے؟

پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تاریخی فتح کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم اپنے وطن روانہ ہوگئی تاہم اس میں ممتاز آل راؤنڈر شکیب الحسن شامل نہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے والے سابق کپتان اور ممتاز آل راؤنڈر آج صبح اپنے وطن روانہ ہونے والی بنگلہ دیشی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

اس حوالے سے کراچی ایئرپورٹ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم رات گئے اسلام آباد سے کراچی پہنچی تھی۔ ان میں سے شکیب الحسن رات گئے ہی کراچی سے دبئی روانہ ہوگئے تھے جب کہ باقی ٹیم ہوٹل چلی گئی تھی جو آج صبح روانہ ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن دبنئی میں قیام کریں گے تاہم ان کے اگلے لائحہ عمل کا معلوم نہیں۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن بنگلہ دیشی کرکٹر ہونے کے ساتھ سیاستدان بھی ہیں، جنہوں نے گزشتہ سال سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی اور رواں برس ہونے والے انتخابات میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

تاہم حسینہ واجد حکومت کے خاتمے اور اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وہ رکن اسمبلی تو نہ رہے تاہم شکیب کی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان میں موجودگی کے دوران 22 اگست کو ان کے خلاف ڈھاکا میں قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

جس وقت یہ مقدمہ درج ہوا وہ پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے میدان میں اترے ہوئے تھے اور ان کے دوسرے ٹیسٹ میں شرکت پر شکوک وشبہات کا اظہار کیا گیا تھا تاہم بنگلہ دیشی نگراں مشیر کھیل نے جرم ثابت ہونے تک انہیں کھیلتے رہنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

https://urdu.arynews.tv/shakib-ul-hasan-murder-case-registered/