میسی اب کس کلب کو جوائن کر رہے ہیں؟

ارجنٹینا کو 36 سال بعد فٹبال کا عالمی چیمپین بنانے والے کپتان لیونل میسی نے پی جی ایس کو خیرباد کہہ دیا ہے جس کے بعد اب وہ امریکی کلب کو جوائن کر رہے ہیں۔

دنیائے فٹ بال کے شائقین بے تابی سے انتظار کر رہے تھے کہ ارجنٹائن کے کپتان اور فٹ بال سٹار لیونل میسی فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو خیرباد کہنے کے بعد کون سے کلب کو جوائن کریں گے، اور آخر کار انہوں نے فیصلہ کر لیا ہے۔

لیونل میسی جن کے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو چھوڑنے کے بعد سعودی کلب الہلال سے معاہدے کی خبریں گردش کر رہی تھیں اور اس کو ان کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے مزید تقویت بھی ملی تھی تاہم میسی نے پرکشش پیشکش کے باوجود اسے قبول نہ کیا۔

چیمپئن اسٹار فٹبالر نے اب اپنے کھیل کے جوہر امریکا میں دکھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ وہ امریکی فٹبال کلب انٹر میامی سے منسلک ہو رہے ہیں۔ میسی پہلی بار یورپ سے باہر کسی کلب کا حصہ بنیں گے۔

لیونل میسی نے اس بات کی تصدیق اپنے ٹوئٹر اکاوئنٹ کے ذریعے کر دی ہے تاہم انٹر میامی سے معاہدے کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

 

چیمپئن کپتان کے نئے کلب انٹر میامی کے شریک مالک برطانوی فٹبال اسٹار ڈیوڈ بیکم ہیں۔ انٹر میامی نے گذشتہ ہفتے کوچ فِل نیوائل کو نکال کر ان کی جگہ ارجنٹائن کے جیویر مورالز کو عارضی طور پر بطور کوچ تعینات کیا تھا۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں نے میامی جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے ساتھ 100 فیصد معاہدہ تو نہیں ہوا اور شاید کچھ چیزیں ہونا باقی ہیں، لیکن میں نے اس کے لیے کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔