دنیا میں سب سے زیادہ شیر کس ملک میں ہیں؟

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ شیر ہندوستان میں ہیں اور ملک میں شیروں کی تعداد تین ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے انٹرنیشنل بِگ کیٹ الائنس کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا بھر میں شیروں کی سب سے زیادہ تعداد انڈیا میں ہے۔ ملک میں شیروں کی تعداد تین ہزار تک پہنچ گئی ہے اور پروجیکٹ ٹائیگر کی کامیابی صرف انڈیا کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ صرف ایک ملک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ انٹرنیشنل بِگ کیٹ الائنس کا فوکس دنیا کی سات بڑی بِگ کیٹس کے تحفظ پر ہوگا جن میں ٹائیگر، شیر، تیندوے، برفانی تیندوے، پوما، جیگوار اور چیتے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں 1947 میں جنگلی شیروں کی تعداد 40 ہزار تھی جو 1973 میں کم ہوکر صرف 1800 رہ گئی تھی جس کے بعد ’’پروجیکٹ ٹائیگر‘‘ کے نام سے جنگلی شیروں کے تحفظ اور افزائش کا پروگرام شروع کیا گیا تھا۔

اس پروجیکٹ کے ثمرات نصف صدی بعد سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور پروجیکٹ ٹائیگر کے مطابق بھارت میں شیروں کی تعداد تین ہزار 167 ریکارڈ کی گئی۔

انڈیا میں کئی برسوں سے شکار کے باعث نا صرف شیروں کی تعداد کم ہوئی بلکہ چیتے بھی معدومیت کا شکار ہوئے۔ اسی لیے گزشتہ برس ستمبر میں ’پروجیکٹ چیتا‘ شروع کیا گیا ہے جس کے لیے نیمبیا سے 8 اور جنوبی افریقہ سے 12 چیتے لائے گئے۔