شہری چھوٹے چھوٹے طریقے اپنا کر اپنے بجلی کے بلوں میں بڑی بچت کرسکتے ہیں، گھروں میں اچھی اور مکمل آئیسولیشن کا انتظام کریں اور اے سی کا تھرمواسٹیٹ 24 ڈگری پر رکھیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں عوام بجلی کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں، شہری بھاری بھرکم بلوں سے کیسے چھٹکارہ پائیں اور گھروں میں موجود وہ کون کون سے اشیا ہیں جو سب سے زیادہ بجلی استعمال کرتی ہیں۔
کن ڈیوائسز کی مدد سے بجلی کی بچت ممکن ہوسکے اور بھاری بھرکم بلوں پر کیسے قابو پایا جاسکے گا۔
شہری چھوٹے چھوٹے طریقے اپنا کر اپنے بجلی کے بلوں میں بڑی بچت کرسکتے ہیں، سب سے پہلے گھروں میں اچھی اور مکمل آئیسولیشن کا انتظام کریں۔
مؤثر آئیسولیشن سے گرمیوں کے دوران گھر کو ٹھنڈا رکھنے اور ایئر کنڈیشنز کے استعمال کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
گھروں میں سب سے زیادہ بجلی تقریباً پینتالیس سے پچاس فیصد ایئرکنڈیشنز، پنکھوں ، فریج جیسے آلات میں خرچ ہوتی ہے، اے سی کا تھرمواسٹیٹ 20 کے بجائے 24 ڈگری پر رکھیں، ریفریجریٹر کو بھی کسی کھلی اور ہوا دار جگہ پر رکھیں تاکہ اس کا تھرمو اسٹیٹ زیادہ کام نہ کرے۔
ٹی وی ، کمپیوٹرز، موبائل فون چارجز، وائی فائی رؤئٹرز ، پرنٹرز اور مائیکرو ویوز اسٹینڈ بائی موڈ میں بھی بجلی استعمال کرتے ہیں اس لیے اس طرح کی کسی بھی ڈیوائس کو استعمال کے بعد اسٹینڈ بائے نہ چھوڑیں تار نکال کرمکمل طور پر بند کریں۔
گھروں میں پرانے ٹی وی اور روایتی بلب بھی تبدیل کریں، ایک اندازے کے مطابق ان تمام ہدایات پر عمل کر کے آپ اپنے بجلی کے بلز میں تیس فیصد تک کمی لاسکتے ہیں۔