اردن کے ولی عہد کی شادی میں کن عالمی شخصیات نے شرکت کی؟

اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ الثانی کی شادی گزشتہ روز منعقد ہوئی جس میں امریکی خاتون اول سمیت کئی عالمی شخصیات نے شرکت کرکے تقریب کو رونق بخشی۔

اردن کے ولی عہد شہزاد الحسین بن عبداللہ الثانی گزشتہ روز سعودی عرب کی شہزادی رجوۃ الحسین کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ شادی کی تقریبات کئی روز سے جاری تھیں جبکہ 7 روزہ جشن بھی جاری ہے۔ شادی کی مرکزی تقریب میں 70 ممالک کی معروف شخصیات نے شرکت کی جب کہ عرب اور دوست ممالک کے مہمان بھی موجود تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی شادی کی مرکزی تقریب میں امریکی خاتون اول جل بائیڈن شرکت کے لیے زہران محل پہنچیں تو شاہ عبداللہ اور ملکہ رانیہ نے انہیں خوش آمدید کہا۔

برطانوی شہزاہ ولیم، ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کے علاوہ ہالینڈ، بیلجیئم کے حکمراں، ڈنمارک کے ولی عہد بھی اپنی بیگمات کے ہمراہ شادی کی تقریب میں شریک ہوئے۔

ان کے علاوہ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید، امیر قطر کی والدہ شیخہ موزا، عراقی صدر عبدالطیف رشید، کویتی ولی عہد شیخ مشعل الصباح، ملائیشیا کے فرمانروا اور ناروے کے ولی عہد نے بھی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔

اردنی ولی عہد کی شادی میں ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی میڈیا نے دلچسپی کا اظہار کیا اور کئی ٹی وی چینلز پر تقریبات کی لائیو کوریج پیش کی گئی۔

تقریب کا آغاز دارالحکومت عمان کے مرکز میں واقع زھران محل میں اس وقت ہوا جب شاہ عبداللہ ثانی اور ملکہ رانیہ العبداللہ کا کاررواں محل پہنچا۔ نکاح کی رسم زہران محل میں ادا کی گئی۔ شیخ احمد الخلایلہ نے اردن کے حکمراں ہاشمی خاندان اور شہزادی رجوۃ کے اعزہ کی موجودگی میں نکاح پڑھایا۔ اس موقع پر جوڑے نے ایک دوسرے کو شادی کی انگوٹھی پہنائی۔

نکاح کی رسم کے بعد شادی کا کارواں زھران محل سے الحسینیہ محل کے لیے روانہ ہوا۔ تمام راستے عوام نئے جوڑے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے موجود تھی۔

اردنی محکمہ امن عامہ کی رپورٹ کے مطابق عمان میں 7 مقامات پر ولی عہد کی شادی کا جشن منایا جارہا ہے۔