وائٹ ہاؤس نے امریکا میں پابندی کے خدشات اور متنازع قانون کے باوجود باضابطہ طور پر ٹک ٹاک پر اپنا اکاؤنٹ بنا لیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ایپ کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کو امریکی خریدار کو فروخت کرنے یا ملک میں ایپ پر پابندی کے خطرے کا سامنا ہے۔
ٹرمپ پہلے ہی اس قانون کی ڈیڈ لائن کو کئی بار آگے بڑھا چکے ہیں اور اب نئی ڈیڈ لائن 17 ستمبر مقرر ہے، رواں سال جون میں دی گئی توسیع نے ایپ کو 17 کروڑ امریکی صارفین کے لیے قابلِ استعمال رکھا، حالانکہ گزشتہ سال منظور شدہ قانون میں اس کی چینی ملکیت کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔
ٹک ٹاک پر وائٹ ہاؤس کے آفیشل اکاؤنٹ کی پہلی پوسٹ میں ٹرمپ کی تقریر کی ویڈیو شامل ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ میں عزم کرتا ہوں کہ اس قوم کے عوام کے لیے بہتر زندگی فراہم کر سکوں، میں آپ کی آواز ہوں۔
رپورٹس کے مطابق پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ امریکا! ہم واپس آ گئے ہیں، واٹس اپ ٹک ٹاک؟ اکاؤنٹ کے لانچ کے چند ہی گھنٹوں بعد اس کے 20 ہزار سے زائد فالوورز ہو چکے تھے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے تجارتی مشیر ناوارو نے بھارت کو کہا ہے کہ بھارت روس سے خام تیل کی خریداری بند کرے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے تجارتی مشیر ناوارو نے بھارت کو اپنے کھلے پیغام میں کہا کہ بھارت کی جانب سے روسی خام تیل کی خریداری یوکرین جنگ میں روس کی مالی معاونت ہے جو فوری رکنی چاہیے۔
صورتِ حال مشکل ہونے والی ہے! ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آگیا
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر یہی رویہ جاری رہا تو امریکی کمپنیوں کیلئے بھارت کو جدید عسکری صلاحیت فراہم کرنا مشکل ہو جائے گا۔
وائٹ ہاؤس کے تجارتی مشیر ناوارو کا کہنا تھا کہ اگر بھارت چاہتا ہے کہ امریکا اسے اسٹریٹجک شراکت دار کی طرح ڈیل کرے تو اسے بھی اسی طرح کا برتاؤ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بھارت روس اور چین سے تعلقات بڑھا رہا ہے۔