میک گرا کو کون پیچھے چھوڑ سکتا ہے؟ سابق بولر نے بتا دیا

آسٹریلیا کے لیجنڈ سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ آف اسپنر ناتھن لیون ان سے آگے نکل جائے گا۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ رکھنے والے لیجنڈ فاسٹ بولر گلین میک گرا کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ آسٹریلوی آف اسپنر ناتھن لیون انہیں وکٹوں کے حصول میں پیچھے چھوڑ دیں گے۔

سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے ان خیالات کا اظہار میک گرا فاؤنڈیشن کے 16 ویں سالانہ پنک ٹیسٹ فنڈ ریزنگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ توڑنے کے لیے ہوتے ہیں اور میرا خیال ہے کہ لیونو میرے سنگ میل کو جلد عبور کر لے گا اور صرف میرا ہی نہیں بلکہ اگر اس نے کچھ طویل عرصہ کرکٹ کھیلی تو وہ شین وارن کے 708 ٹیسٹ وکٹوں کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

Glenn McGrath and David Warner. (Image Credits: Getty)

میگ گرا نے ناتھن لیون کو موجودہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھی بولنگ کر رہا ہے اور اس کا کیریئر نا قابل یقین رہا ہے۔ میں اس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں لیکن وہ کھیل میں کتنا آگے جاتا ہے یہ اس پر منحصر ہے۔

اس موقع پر گلین میک گرا نے ڈیوڈ وارنر کے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ میں سڈنی میں ان سے سنچری بنانے کی امید باندھتے ہوئے کہا کہ اسے یہاں سنچری بناتے ہوئے دیکھ کر اچھا لگے گا اور وہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ڈیشنگ اوپنر کو باہر آکر بے خوف کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ گلین میک گرا نے 124 ٹیسٹ میچ میں 563 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں اور وہ آسٹریلیا کے فاسٹ بولرز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پیسر ہیں جب کہ ناتھن لیون جو آف اسپنر ہیں انہوں نے حال ہی میں پرتھ ٹیسٹ میں 500 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا ہے۔

پرتھ ٹیسٹ کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بھی لیون کو وارن سے آگے جانے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ لیون مزید چار سال کھیل کر اپنی ٹیسٹ وکٹیں 700 سے زائد کر سکتا ہے۔