بیٹے کا ڈیبیو ٹیسٹ دیکھنے کیلیے کس نے اسٹیڈیم آنے پر قائل کیا؟ سرفراز کے والد کا انکشاف

اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ سے کرکٹ تجزیہ کاروں کو اپنی تعریف پر مجبور کرنے والے سرفراز خان کا ڈیبیو میچ دیکھنے کے لیے ان کے والد بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

سرفراز خان جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف راجکوٹ ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 62 رنز کی اننگ کھیل کر اپنے ڈیبیو کو یادگار بنایا۔ ان کے والد نوشاد خان ابتدائی طور پر بیٹے کا افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے سے گریزاں تھے تاہم آخری لمحات میں وہ اسٹیڈیم آنے پر مجبور ہو گئے، انہیں کس نے اس کے لیے راغب کیا اس کا انکشاف انہوں نے خود کیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز کے والد نوشاد خان نے بتایا انہیں اپنے بیٹے کا پہلا ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لیے سوریہ کمار یادیو نے مجبور کیا۔ میں پہلے اس کے لیے راضی نہیں تھا مگر سوریہ کے جذباتی پیغام نے مجھے پگھلا دیا اور آج میں یہاں موجود ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری طبیعت بھی کچھ خراب ہے جب کہ ڈر تھا کہ میری موجودگی سرفراز پر دباؤ نہ بڑھا دے اس لیے اسٹیڈیم نہیں آ رہا تھا لیکن سوریہ کمار کا پیغام پڑھنے کے بعد میں خود کو روک نہ سکا اور اسٹیڈیم چلا آیا۔

اس موقع پر انہوں نے سوریہ کمار یادیو کا ان کے نام پیغام پڑھ کر سنایا جس میں کرکٹر نے کہا تھا  کہ "میں آپ کے جذبات کو سمجھتا ہوں۔ لیکن مجھ پر بھروسہ کریں، جب میں نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا (گزشتہ سال مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ناگپور میں) اور مجھے ٹیسٹ کیپ مل رہی تھی، میرے والد اور والدہ بالکل پیچھے تھے۔ اور وہ لمحہ کچھ خاص تھا۔ یہ لمحات اکثر نہیں آتے، اس لیے میرا مشورہ ہے کہ آپ کو ضرور جانا چاہیے۔‘‘

واضح رہے کہ راجکوٹ ٹیسٹ سرفراز کے لیے یادگار ٹیسٹ ڈیبیو تھا جس میں انہوں نے 66 گیندوں پر 62 رنز بنائے بدقسمتی سے وہ رن آؤٹ ہونے کے باعث اپنی اننگ کو مزید طول نہ دے سکے۔

پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز خان نے کہا کہ اپنے والد کے سامنے انڈیا کے لیے کھیل کر خوشی ہوئی۔ یہ میرا بچپن کا خواب تھا جو آج پورا ہوا ہے۔