حجاب پہن کر کرکٹ کھیلنے والی برطانیہ کی پہلی انٹرنیشنل پلیئر کون؟

برطانیہ سے تعلق رکھنے والی کرکٹر ابتہا مقصود اپنے ملک کی پہلی انٹرنیشنل کرکٹر ہیں جو حجاب پہن کر کرکٹ کھیلتی ہیں،24 سالہ پلیئر دی ہنڈرڈ لیگ میں برمنگھم فینکس کی نمائندگی کرتی ہیں۔

وہ برطانیہ کی پہلی کھلاڑی ہیں جو اپنے ملک اسکاٹ لینڈ کے لیے حجاب پہن کر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتی ہیں، گزشتہ دنوں ابتہا بی بی سی کے بچوں کے ایک پروگرام میں شریک ہوئیں اور وہاں بھی وہ باحجاب آئی تھیں۔

ابتہا مقصود کا کہنا ہے کہ مسلمان خواتین کے لیے حجاب اہمیت کا حامل ہے یہ ثابت کرتا ہے کہ آپ باحیا ہیں اور اس سے آپ کی بطور مسلمان واضح شناخت بھی ہوتی ہے۔

ڈینٹسٹ بننے والی ابتہا کو پہلی پاکستانی نژاد خاتون پلیئر ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کھیل رہی ہیں۔

اس حوالے سے گفتگو میں مزید ان کا کہنا تھا کہ حجاب پہن کر کرکٹ کھیلنے میں انھیں کوئی دشواری نہیں ہوئی نہ کوئی رکاوٹ پیش آئی۔

وہ مسلمان ہونے پر فخر محسوس کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ حجاب پہن کر ایجبسٹن (برمنگھم فینکس کا ہوم گراؤنڈ) جیسے بڑے گرائونڈ میں کھیلنے سے بہت اہم پیغام جاتا ہے۔