پی ایس ایل 8 کے گزشتہ روز کھیلے گئے ایک اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو ہرا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 کا پہلا مرحلہ اختتام کی جانب گامزن ہے اور کئی سنسنی خیز میچز شائقین کرکٹ کو اس مرحلے میں دیکھنے کو ملے ہیں۔ ایسا ہی ایک میچ گزشتہ روز کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے درمیان کھیلا گیا جو مشکلات میں گھری دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم تھا۔
اے آر وائی نیوز کی براہ راست نشریات دیکھنے کے لیے کلک کریں:
اس میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈیئٹرز کو جیتنے کے لیے 165 نز کا ہدف دیا تھا جو گلیڈیئٹرز نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرلیا۔
اعصاب شکن اس مقابلے میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کوئٹہ کی آدھی ٹیم صرف 63 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی جس میں عمر اکمل، افتخار احمد، نجیب اللہ زردان بھی شامل تھے۔
اس موقع پر اوپنر مارٹن گپٹل نے دوسرا اینڈ سنبھالے ہوئے تھے۔ کپتان سرفراز نے زخمی ہاتھ کے ساتھ اس مشکل مرحلے میں ٹیم کے لیے 25 گیندوں پر قیمتی 29 رنز بنائے تاہم میچ کے گیم چینجر کیوی بلے باز گپٹل تھے جنہوں نے بولرز پر جم کر لاٹھی چارج کیا اور 56 گیندوں پر 86 رنز کی طوفانی اور ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
گپٹل کی اس اننگ نے نہ صرف کوئٹہ کو میچ جتوا کر کراچی کنگز کی امیدوں پر پانی پھیرا بلکہ گلیڈیئٹرز کے پلے آف مرحلے میں جانے کی امید بھی جگا دی۔
مارٹن گپٹل کو اس برق رفتار اور فتح گر اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔