اومیکرون وائرس: عالمی ادارہ صحت کا ایشیائی ممالک کو اہم مشورہ

جنیوا: عالمی ادارہ صحت نے ایشیائی ممالک کو مشورہ دیا ہے کہ کووڈ 19 کے نئے ویرینٹ اومیکرون سے بچاؤ کے لیے مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن(ڈبلیو ایچ او) نے متنبہ کیا کہ کورونا کی نئی قسم دنیا بھر میں پھیل رہی ہے، اومیکرون سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے ہوں گے۔

ریجنل ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ایشیائی ممالک میں وائرس دیر سے پھیل سکتا ہے لیکن ہر ملک کو نئے ویرینٹ کے لیے احتیاطی انتظامات کرے تاکہ اس پر قابو پایا جاسکے۔

ڈائریکٹر نے ہدایت کی کہ تمام ممالک ویکسین کا عمل مکمل کریں اور حفاظتی اقدامات جیسے ماسک پہننا اور سماجی دوری کے اصولوں پر عمل درآمد کریں۔

اومیکرون کا پھیلاؤ؛ یورپی ہیلتھ ایجنسی نے خبردار کر دیا

خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر تیدروس نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہمیں ڈیلٹا ویرینٹ سے نمٹنے کے لیے موجود طریقہ کار کو استعمال کرنا ہوگا، اگر ہم یہ کرلیں تو ہم اومیکرون کے پھیلاؤ کو بھی روک سکتے ہیں، عالمی سطح پر ویکسینیشن بھی کم ہو رہی ہے اور ٹیسٹنگ میں بھی کمی دکھائی دے رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم پوری دنیا سے اپیل کر رہے ہیں کہ ویکیسن کی تقسیم اور ٹیسٹنگ پوری دنیا میں یکساں اور مساوی بنیادوں پر کی جائے۔