کون ہوگا پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین؟ فیصلے کی گھڑی دو دن بعد

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئر مین کون بننے جارہا ہے فیصلے کی گھڑی دو روز بعد 27 جون کو آنے والی ہے جس دن پی سی بی کے چیئر مین کے لیے الیکشن کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے پی سی بی الیکشن کی نگرانی کے لیے خود مختار نگران تعینات کر دیا ہے اور سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو مذکورہ فرائض کی انجام دہی کے لیے چنا گیا ہے۔

جسٹس (ر) تصدق جیلانی 27 جون کو ہونے والے پی سی بی الیکشن کی نگرانی کریں گے، ان کی تعیناتی پی سی بی آئین کےتحت عمل میں لائی گئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد بحیثیت نگران الیکشن کے لیے انھیں ذمہ داری سونپی گئی۔ سابق چیف جسٹس کو کسی تنازع کی صورت میں خصوصی اختیارات حاصل ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نجم سیٹھی پی سی بی کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، تاہم انھوں نے موجودہ الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے، پیپلز پارٹی نے ذکا اشرف کو چیئر مین پی سی بی کا امیدوار نامزد کر رکھا ہے جو اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔