پاکستان میں آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ہوگا جس میں بھارتی ٹیم کی قیادت کون کرے گا اس حوالے سے بی سی سی آئی نے بتا دیا۔
بھارت حال ہی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا چیمپئن بنا ہے اور عالمی چیمپئن بننے کے ساتھ ہی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
اس اعلان کے ساتھ ہی آئندہ برس پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے چہ مہ گوئیاں ہو رہی تھیں کہ اگلے ایونٹ میں بھارتی ٹیم کی قیادت کون کرے گا۔
تاہم اس حوالے سے اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے تصدیق کر دی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بلیو شرٹس کی قیادت روہت شرما ہی کریں گے۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارت نے روہت شرما کی کپتانی میں گزشتہ ایک سال میں تین فائنل کھیلے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بھارتی ٹیم روہت شرما کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور مجھے بھروسہ ہے کہ روہت کی کپتانی میں بھارت یہ دونوں ایونٹس جیتے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی جیت راہول ڈریوڈ، روہت شرما، کوہلی اور جڈیجا کے نام کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد روہت شرما، ویرات کوہلی اور رویندرا جڈیجا نے اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
https://urdu.arynews.tv/viral-video-rizwan-and-iftikhar-upset-in-front-of-local-bowlers/