فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی جانب سے کس کو ٹکٹ ملے گا 8 اس حوالے سے پارٹی کے عبوری چیئرمین نے بتا دیا ہے۔
پاکستان میں عام انتخابات 8 فروری کو شیڈول ہیں جسکے لیے انتخابی عمل شروع ہو چکا ہے۔ کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرائے جا رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کے لیے کس کس کو ٹکٹ ملے گا اس حوالے سے پارٹی کے عبوری چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے بتا دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کے لیے ٹکٹ دینے کی پہلی ترجیح ہمارے ڈائی ہارڈ ورکرز ہیں جنہوں نے بڑی جدوجہد کی اور پارٹی کے لیے انکی قربانیاں بھی بہت ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ وکلا کو بھی ٹکٹ دیں گے مگر سب ٹکٹ وکلا کو نہیں دے دیں گے پہلی ترجیح ہمارے مخلص کارکن ہی ہوں گے۔
انہوں نے الیکشن میں کامیابی کی صورت میں پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کے سوال پر دوٹوک کہا کہ خان صاحب ہی ہمارے وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے۔
پی ٹی آئی کا ٹکٹ کس کس کو ملے گا؟؟ بیرسٹر گوہر نے بتا دیا#ARYNews #OffTheRecord #PTI pic.twitter.com/Jp9stcPott
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) December 20, 2023
میزبان نے سوال کیا کہ کیا وہ الیکشن کے لیے نا اہل نہیں ہیں؟ جس پر پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اس حوالے سے ہمارا ایک کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہے اور میری چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سے اپیل ہے کہ جس طرح وہ ن لیگ کے کیس سن رہے اور نواز شریف کی درخواستوں پر فوری فیصلے دے رہے ہیں اس طرح ہمارے کیس کا بھی جلد فیصلہ کیا جائے۔
کامیابی کی صورت میں پی ٹی آئی صوبوں میں کس کو وزارت اعلیٰ دے گی اس کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس کا فیصلہ بھی خان صاحب ہی کریں گے تاہم جو بھی فیصلہ ہوگا وہ عوام کے مفاد میں ہی ہوگا۔