بھارت کے سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے اپنے سینئرز سنیل گواسکر، کپل دیو اور ویندر سہواگ پر تنقید کے تیر برسا دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان گوتم گمبھیر جو ماضی میں شاہد آفریدی اور ساتھی کرکٹرز سے جھگڑوں کے حوالے سے خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں اب انہوں نے اپنے سینئرز اور انڈین کرکٹ کے آئیکونز سنیل گواسکر، کپل دیو اور وریندر سہواگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے تاہم اس بار یہ تنقید ان کے کسی بیان یا کھیل سے متعلق نہیں بلکہ مذکورہ سابق کھلاڑیوں کے تمباکو (پان مصالحہ) کا اشتہار کرنے پر کی ہے۔
ایک بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے گمبھیر سے مذکورہ سابق نامور کھلاڑیوں کے تمباکو پان مصالحہ کے اشتہار میں کام کرنے کو ’’گھٹیا اور مایوس کن‘‘ قرار دیا اور کہا کہ پیسے اتنے اہم نہیں کہ اس کی خاطر لاکھوں افراد کے رول ماڈل ایسی مصنوعات کی تشہیر کا حصہ بنیں۔
سابق اوپنر نے کہا کہ کسی کی پہچان اپنے نام کے بجائے اپنے کام سے ہوتی ہے۔ کروڑوں بچے دیکھ رہے ہوتے ہیں پیسے اتنے اہم نہیں ہیں کہ آپ پان مصالحہ کی مشہوری کرنے لگ جائیں اسی وجہ سے میں نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ وہ اپنا رول ماڈل منتخب کرتے ہوئے محتاط رہیں۔
اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گمبھیر نے یہ بھی انکشاف کر ڈالا کہ سچن ٹندولکر کو پان مصالحہ کے اشتہارات کے لیے 20 سے 30 کروڑ روپے کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے منع کر دیا تھا کیونکہ وہ کروڑوں لوگوں کے لیے رول ماڈل ہیں اور انہوں نے اپنے والد سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس قسم کی چیز کی کبھی تشہیر نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ سپر اسٹارز شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور اکشے کمار کو بھی پان مصالحہ کے اشتہار میں کام کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد اکشے کمار نے اپنے اس فعل پر عوام سے معافی مانگتے ہوئے اس سے حاصل شدہ معاوضہ چیئرٹی کرنے کا اعلان کیا تھا۔