گوہر رشید نے چہرے کے نشانات کی سرجری نہ کروانے کی وجہ بتادی

گوہر رشید

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار گوہر رشید نے چہرے کے نشانات کی سرجری نہ کروانے کی وجہ بتادی۔

معروف اداکار گوہر رشید نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کی اس دوران انہوں نے شوبز کیریئر اور چہرے کے نشانات کی سرجری سے متعلق اظہار خیال کیا۔

انہوں نے چہرے پر موجود نشانات کے لیے سرجری نہ کروانے کی وجہ سوشل میڈیا پر دیے گئے ایک لڑکے کو پیغام کو قرار دیا۔

گوہر رشید نے بتایا کہ لڑکے نے پیغام کہا کہ ’میری اسکن پر بھی آپ کی طرح ہی دھبے تھے اور میں اتنا ہی انڈر کانفیڈنٹ تھا لیکن آپ کو دیکھ کر میرے اندر اعتماد آیا کہ میں بھی کچھ کرسکتا ہوں۔‘

اداکار نے بتایا کہ اس کے بعد مجھے کئی دوستوں نے کہا کہ میں اپنے چہرے پر موجود نشانات کے لیے کیوں نہ سرجری کروالوں، مجھے سوشل میڈیا اور پھر دوستوں سے بھی کئی مشورے ملے لیکن میرے لیے سب سے اہم اس لڑکے کا پیغام تھا۔

گوہر رشید نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ آپ نے کسی کو بھی چاہے کوئی کتنی بھی بڑی شخصیت کیوں نہ ہو اسے خود کو وضاحت دینے کی اجازت نہیں دینی کیونکہ جو آپ ہو وہ کوئی نہیں ہوسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں گوہر رشید نے بتایا کہ مجھے یقین تھا کہ میں ایک اداکارنہیں بن سکتا ،اس کی ایک اہم وجہ سوسائٹی میں موجود اداکاروں کی خوبصورتی کا معیار تھا جس کیلئے کہا جاتا ہے ایک اداکار کیلئے گورا رنگ، لہراتے بال اور بلی جیسی آنکھیں ہونا ضروری ہیں، اگر یہ سب چیزیں موجود ہوں توکوئی شخص اداکار بن سکتا ہے ورنہ نہیں اور جب میں یہ ساری چیزیں خود میں ڈھونڈتا تھا تو مجھے لگتا تھا کہ مجھ میں وہ ہمت ہی نہیں کہ میں اداکار بن سکوں۔

گوہر رشید کا کہنا تھا کہ جب میں لاہور سے کراچی آیا تو میں نے کوشش کی کہ مجھے آن کیمرہ آنے کے بجائے آف دی کیمرا کوئی کام مل جائے، اس کے بعد میں نے تھیٹر سے کام شروع کیا اور پھر یہ سلسلہ شروع ہوگیا۔