شاہین شاہ کو داماد کیوں بنایا؟ شاہد آفریدی نے راز سے پردہ اٹھا دیا

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے دوسری بیٹی انشا کے لیے جیون ساتھی کے لیے شاہین شاہ آفریدی کا ہی کیوں انتخاب کیا اس راز سے خود ہی پردہ اٹھا دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا ورلڈ کپ سے قبل ماہ ستمبر میں شادی کے بندھن میں بندھے ہیں اس سے قبل رواں سال فروری میں ان کا نکاح ہوا تھا۔

شاہد آفریدی نے انشا کے جیون ساتھی کے لیے شاہین شاہ آفریدی کا ہی انتخاب کیوں کیا۔ اس راز سے خود لالہ نے ہی ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے پردہ اٹھا دیا۔

شاہد آفریدی نے ایک مقامی نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے دیگر معاملات پر گفتگو کی وہیں اپنی بیٹی انشا اور شاہین کی شادی سے متعلق بھی بات چیت کی۔

شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ میں پہلے شاہین شاہ کو ذاتی طور پر نہیں جانتا تھا کیونکہ دونوں خاندانوں کا ماضی میں ایک دوسرے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا لیکن ہمارے خاندان کے بزرگ ایک دوسرے کو جانتے تھے۔

سابق کپتان نے کہا کہ شاہین آفریدی کی فیملی ان کی بیٹی سے رشتے کے لیے کافی عرصے سے میرے گھر والوں سے رابطے میں تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ سلسلہ شروع ہوا اور میں نے ان کے بارے میں معلومات کیں تو شاہین آفریدی کے ساتھ جو ساتھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے تھے اُنہوں نے بھی مجھ سے ان کے رویے کی اور بطور انسان ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاہین بہت سمجھدار شخصیت ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک اچھا انسان ہونا سب سے اہم چیز ہے اور شاہین میں وہ تمام خصوصیات تھیں جو ایک اچھے بلکہ بہترین انسان میں ہونی چاہئیں تو پھر میں نے انہیں اپنا داماد بنانے کا فیصلہ کیا۔