انگلینڈ کے سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر مائیکل وان گزشتہ روز بگ بیش لیگ کا میچ پچ خطرناک ہونے کی وجہ سے منسوخ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کا چوتھا میچ جو گزشتہ روز پرتھ اسکارچرز اور میلبرن رینگیڈز کے خلاف ہونا تھا پچ خطرناک ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔
فیلڈ امپائرز نے صرف 45 منٹ اور 6.5 اوورز کے کھیل کے بعد پچ کے گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث خطرناک ہو جانے اور حیران کن باؤنس ہونے کے باعث کھلاڑیوں کی حفاظت کے پیش نظر میچ کو منسوخ کیا۔
اس صورتحال پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کو ان منظر ناموں کی عادت ہے لیکن میں صرف کرکٹ سے مایوس ہو جاتا ہوں۔
مائیکل وان نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ کرکٹ کو زیادہ فعال ہونے اور اس طرح کے واقعات کو روکنے کی ضرورت ہے۔
سابق انگلش کپتان نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ متعلقہ حکام جانتے تھے کہ کل سارا دن بارش ہونے والی تھی لیکن کیا وہ اس صورتحال سے بچنے کے لیے اضافی کور حاصل نہیں کر سکتے تھے تاکہ میچ کو منسوخ ہونے سے بچایا جا سکتا لیکن ہم ہمیشہ صرف ایسے حالات کو بدقسمتی کے کھاتے میں ڈال دیتے ہیں۔
انہوں نے اسی طرح کے واقعات کی ماضی کی دیگر مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے تنقید جاری رکھی اور کہا کہ اسی طرح کی صورتحال برطایہ میں اولڈ ٹریفورڈ میں ایک ٹیسٹ میچ کے دوران بھی ہوئی تھی۔
اسی حوالے سے آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ نے کہا ہے کہ مقابلہ شروع ہونے سے پہلے ہی پچ کی صورتحال مشکوک لگ رہی تھی۔ جس وقت ہم گراؤنڈ پر پہنچے تو صورتحال دیکھ کر مطمئن ہرگز نہیں تھے۔
آسٹریلیا میں پچ ’خطرناک‘ ہو گئی، میچ منسوخ
کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے بھی میچ منسوخ ہونے کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گراؤنڈ اسٹاف نے صورتحال کو سدھارنے کے لیے سارا دن کام کیا اور امپائرز نے کھیل شروع کرنے کے لیے پچ کو محفوظ سمجھا لیکن میچ کا مکمل انعقاد نہیں ہو سکا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے حالات کا مکمل جائزہ لینے اور شائقی کو ان کے ٹکٹ واپس کرنے کا بھی اعلان کیا۔