اس سال بابر اعظم کی سالگرہ یادگار کیوں ہوگی؟

قومی کپتان بابر اعظم ہر سال 15 اکتوبر کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں تاہم اس سال یہ یادگار ہوگی جو غیر معمولی بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

دنیا بھر میں شائقین کرکٹ کے دلوں پر راج کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہر سال 15 اکتوبر کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں لیکن اس سال ان کی سالگرہ زندگی کی یادگار ترین سالگرہ ہوگی جو وہ جیت کر نہ صرف ورلڈ کپ میں پاک بھارت مقابلوں میں‌ نہ جیتنے کا 31 سالہ جمود توڑ‌ سکتے ہیں بلکہ شائقین کرکٹ کو قابل فخر اور تاریخی خوشی سے بھی ہمکنار کرسکتی ہے۔

اس سال 15 اکتوبر کو ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہونا ہے۔ دونوں روایتی حریف کسی بھی ایونٹ میں آمنے سامنے ہوں وہی میچ اس ٹورنامنٹ کا ہائی وولٹیج میچ قرار پاتا ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں ہوتی ہیں۔

ورلڈکپ 2023 کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھیجے گئے شیڈول کے تحت پاک بھارت ٹاکرا 15 اکتوبر کو نریندرا مودی اسٹیڈیم میں ہونے کا امکان ہے۔

بابر اعظم 15 اکتوبر کو جب اپنی 29 ویں سالگرہ منائیں گے تو ممکنہ طور پر وہ اسی روز بھارت کے خلاف میدان میں اتریں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کا آغاز رواں سال 5 اکتوبرکو نریندرا مودی اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ 19 نومبر کو فائنل بھی اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی نے فیڈ بیک کے لیے بی سی سی آئی کا شیڈول ورلڈ کپ کھیلنے والے ممالک کے ساتھ شیئر کر دیا ہے۔