وکٹ کیپر اعظم خان کی وکٹوں کے پیچھے شرارتیں، کمنٹیٹرز کے قہقہے

کینیڈا میں کھیلی جا رہی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میچ میں قومی وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان متحرک رہنے کے ساتھ زبانی مستیاں بھی کرتے رہے جس سے کھلاڑی اور کمنٹیٹرز محظوظ ہوئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کینیڈا میں کھیلی جا رہی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں اعظم خان مسی ساگا پینتھر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز میچ میں انہوں نے وکٹوں کے عقب میں جہاں چابک دستی سے وکٹ کیپنگ کی وہیں مسلسل جملے کستے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنے والد معین خان کے دور کی یادیں تازہ کر دیں۔

اعظم خان کی چکس کے اوور میں فیلڈنگ کے ساتھ زبانی شرارتیں اسٹمپ مائیک کے ذریعے کمنٹیٹرز بھی سنتے رہے اور ان کی بذلہ سنجی پر داد دیتے رہے اسی دوران وکٹوں کے عقب میں بیٹر کے آؤٹ کی گنگناتے ہوئے اپیل نے کمنٹیٹرز کے ساتھ میدان میں موجود کھلاڑیوں کو بھی ہنسنے پر مجبور کر دیا تاہم امپائر اس اپیل سے متاثر نہ ہوئے اور بیٹر کو آؤٹ نہیں دیا۔

 

اس آڈیو میں جہاں اعظم خان اپنی ٹیم کے بولر کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے یہ کہتے سنائی دیے کہ میرا بھائی میڈ ان اوور کرائے گا وہیں بلے باز کا حوصلہ بھی یہ کہہ کر بڑھاتے رہے کہ لڑکا پراپر کھیل رہا ہے، ابھی یہ مارے گا۔ اسی طرح کے دلچسپ کئی جملے کھلاڑیوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرتے رہے۔ حارث بھی مزاحیہ سلیجنگ پر ہنستے رہے۔

ویڈیو: گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں اعظم خان کی شاندار بلے بازی

واضح رہے کہ اعظم خان کے والد معین خان کا بھھی پاکستان کے کامیاب ترین وکٹ کیپر بیٹرزمیں شمار ہوتا ہے۔ سابق کپتان بھی اپنے دور میں اسی طرح وکٹوں کے پیچھے کیپنگ کے ساتھ زبانی متحرک رہتے اور اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے تھے۔