منڈی بہاالدین : بیوی نے جائیداد نام نہ کرنے پر شوہر کا گلا کاٹ ڈالا ، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے زخمی شوہر کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین میں واقعہ نواحی علاقہ سوہاوہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں بیوی نے جائیداد نام نہ کرنے پر چھری سے شوہر پر قاتلانہ حملہ کردیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا اور زخمی شوہر کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کا شوہر سے جائیداد نام کرانے کیلئے جھگڑا رہتا تھا۔
یاد رہے جون میں کراچی میں ایک واقعہ پیش آیا تھا ، جہاں بیوی نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو چھری کے وار سے قتل کردیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون نے شوہر کو قتل کرنے کے بعد لاش پلنگ کے نیچے چھپا دی تھی اور واردات میں استعمال ہونے والی چھری بھی صاف کر کے رکھ دی تھی۔
بعد ازاں پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد اسے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں میڈیکل رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ مقتول کو ذبح کیا گیا ہے۔
پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لے لیا ، جس نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا اور اپنے آشنا کے حوالے سے بھی بتایا تھا۔