پنجاب کے بعد خیبرپختونخواہ میں بھی موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ

Punjab

لاہور: صوبہ پنجاب کے بعد خیبرپختونخواہ کے اسکولوں میں بھی موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیرتعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات میں 6 جنوری تک اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد اب اسکول 7 جنوری بروز پیرکھلیں گے۔

مراد راس کا کہنا تھا کہ شدید سردی میں والدین کو بچوں کو اسکول چھوڑنے میں پریشانی کا سامنا ہوتا ہے اور شدید سردی کے باعث بچے بیمار بھی پڑسکتے ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخواہ حکومت نے بھی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے سردی کی شدت میں اضافے پرموسم سرما کی چھٹیاں بڑھا دیں جس کے بعد اب صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 7 جنوری کو کھلیں گے۔

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں موسم سرما کی تعطیلات 31 دسمبر تک تھیں جس کے بعد یکم جنوری کو اسکولوں میں تدریسی عمل کا آغاز ہونا تھا۔