کویت : یو اے ای کی خاتون نے حادثے میں جلنے والے ڈرائیور کی جان بچالی، خاتون نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے عبائے سے زخمی شخص کے جسم کو ڈھانپ کر آگ بجھائی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کی پولیس نے اُس باہمت خاتون کو خراج تحسین پیش کیا ہے جس نے اپنے عبایہ کا استعمال کرتے ہوئے ایک ڈرائیور کو جلتے ہوئے ٹرک کی آگ سے بچالیا۔
کویتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ خاتون کی شناخت جواہر سیف الکومیتی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ عجمان سے تعلق رکھنے والی اماراتی شہری ہے۔
گلف نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں الکومیتی نے کہا کہ وہ راس الخیمہ کے خلیفہ اسپتال میں اپنی ایک دوست سے ملنے گئی تھی جہاں انہوں نے سڑک پر دو ٹرکوں کو جلتے ہوئے دیکھا وہاں قریب ہی ایک شخص زمین پر پڑا ہوا تھا جس کے کپڑوں میں آگ لگی ہوئی تھی تو میں نے فوری طور پر اپنی دوست کا عبایہ نکالا اور گاڑی سے نکلی۔
الکومیتی کا کہنا تھا کہ میں اس آدمی کو ڈھانپنے گئی کیونکہ اس پر کوئی کپڑا نہیں تھا اور وہ میری طرف ملتجی نگاہوں دیکھ رہا تھا، اس نے بڑی مشکل سے کہا کہ میں مر رہا ہوں، میں مرنا نہیں چاہتا۔ خاتون نے بتایا کہ میں نے اس سے بات کرنے اور اسے حوصلہ دینے کی کوشش کی تاہم بعد ازاں جائے وقوعہ پر پولیس کے آجانے کے بعد میں وہاں سے چلی گئی تھی۔
خبر کے مطابق الکومیتی کو ایک ہیروئن قرار دیا گیا ہے، بعد ازاں جائے وقوعہ پر آنے والے ایک بھارتی ٹرک ڈرائیور ہرکریت سنگھ نے پولیس کو واقعے کے بارے میں اطلاع دی۔
راس الخیمہ کے پولیس افسر میجر الشرحان نے کہا کہ یہ واقعہ گزشتہ ہفتے راس الخیمہ میں شہداء روڈ پر پیش آیا جب دو ٹرک حادثے کا شکار ہوئے جبکہ ایک ٹرک میں آگ لگ گئی تھی۔
میجر الشرحان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر حادثے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اپنے پیروکاروں سے خاتون کا پتہ لگانے میں مدد کرنے کو کہا تاکہ اس خاتون کو خراج تحسین پیش کیا جاسکے۔
بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی جو تیزی سے ٹرک کے کیبن کے اندر چلی گئی اور ڈرائیور کے کپڑوں کو لپیٹ میں لےلیا، اس نے جلدی میں اپنے کپڑوں سے آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئے ٹرک سے چھلانگ لگا دی تھی۔
متحدہ عرب امارات کی صدر محمد بن زید النہیان کی جانب سے بہادر خاتون جواہر سیف الکومیتی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔