پولیس کی اجازت کے بغیر جائے وقوعہ سے لاش اٹھانا ممنوعہ قرار

پولیس

کراچی : سی پی اور آفس نے تمام پولیس افسران کو ہدایت دی ہے کہ اب پولیس کی اجازت کے بغیر جائے وقوعہ سے کوئی لاش نہیں اٹھائی جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ پولیس کے تمام اداروں کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ اب کوئی بھی فلاحی ادارہ جائے حادثہ یا جائے وقوعہ سے پولیس کی اجازت کے بغیر لاش نہیں اٹھائے گا۔

سی پی او ٖآفس کی جانب سے کرائم سین سے لاش پولیس اجازت کے بغیر منتقل نہ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔



احکامات کے مطابق فلاحی ادارہ پولیس کی اجازت کے بغیر لاش کرائم سین سے نہیں اٹھائے گا، سندھ پولیس کے افسران کو تفتیش مزید بہتربنانے کیلئےخصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

سندھ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فلاحی ادارے لاش اسپتال یا مردہ خانے منتقل کردیتے ہیں، لاش کی منتقلی سے کرائم سین خراب ہوجاتا ہے اور تحقیقات میں رکاوٹ آتی ہے۔

پولیس کے مطابق کرائم سین خراب ہونے سے کئی کیسز کی تفتیش مکمل نہیں ہوپاتی، زیادہ تر شواہد کرائم سین کے مخصوص دائرہ کار سے ہی ملتے ہیں، لیکن لاش اٹھانے سے کرائم سین سے شواہد ضائع ہوجاتے ہیں۔

سندھ پولیس حکام نے کہا کہ اگر کوئی شخص زندہ ہے تو اس کی قیمتی جان بچانے کیلئے فلاحی ادارہ ضروری کارروائی کرسکتا ہے، تاہم زخمی کو منتقل کرنے کی صورت میں بھی تھانے کو اطلاع دی جائے۔

سی پی او ٖآفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متعلقہ افسران اپنے علاقے کی این جی اوز تک یہ پیغام لازمی پہنچائیں۔