لوکل گورنمنٹ مضبوط بنائے بغیر لوگوں کے حالات نہیں بدلے جاسکتے، مصطفیٰ کمال

مصطفیٰ کمال

لاہور: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹ مضبوط بنائے بغیر لوگوں کے حالات نہیں بدلے جاسکتے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں بلدیاتی نظام جب بھی آیا ڈکٹیٹرز کے ذریعے آیا، لوکل باڈیزکا نظام بیوروکریسی کے ہاتھوں یرغمال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاور کو نچلی سطح پر ٹرانسفر نہیں کیا جا رہا، لوکل گورنمنٹ کے اختیارات کو آئین میں لکھنے کی ضرورت ہے،
مئیر کے اختیارات کو آئین میں لکھ دینا چاہیے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ صوبائی فنانس کمیشن کے ذریعے اضلاع کو پیسہ ملنا چاہیے، لوکل گورنمنٹ مضبوط بنائے بغیر لوگوں کے حالات نہیں بدلے جاسکتے۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ نیب ادارہ کرپشن کا خاتمہ نہیں کرسکتا، یہ نچلی سطح سے ختم ہو تو پھر ہے، یونین کونسل میں اختیارات دیں کرپشن ختم ہونا شروع ہوجائے گی، لوکل باڈیز کا انتظام نہ آیا تو کرپشن بھی ختم نہیں ہوگی۔

300 ارب روپے اپنے ہاتھ سے خرچ کیے، کوئی ایک روپے کا الزام نہیں لگا سکتا: مصطفیٰ کمال

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ میرا ماضی صاف ہے، میں نے 300 ارب روپے اپنے ہاتھوں سے خرچ کیے، کوئی مجھ پر ایک روپے کا الزام نہیں لگا سکتا۔