اسکردو: بھارت کے زیرِ قبضہ کارگل سے کچھ روز قبل لاپتا ہونے والی خاتون کی لاش گلگت بلتستان ضلع کھرمنگ میں دریا سے برآمد ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ لاش مبینہ طور پر لاپتا خاتون بلقیس کی ہے جو 15 جولائی کو بھارت کے زیرِ قبضہ کارگل سے لاپتا ہوئی تھی۔
خاتون کے ورثا نے گمشدگی سے متعلق سرحد کے اس پار اطلاع دی تھی۔ لواحقین نے سوشل میڈیا پر ضلع کھرمنگ کے عوام سے لاش ملنے پر اطلاع کی درخواست کی تھی۔
ڈپٹی کمشنر محمد جعفر نے بتایا کہ کھرمنگ دریا سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، ہر سال بھارت سے دریا برد افراد کی لاشیں پاکستانی حدود میں آتی ہیں، سرحد پار سے رابطے پر ڈی این اے کے ذریعے لاش کی شناخت کی جاتی ہے۔
محمد جعفر نے کہا کہ ابھی تک دریا سے برآمد لاش کے حوالے سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، یہ خبر درست نہیں کہ یہ لاش کسی بلقیس بانو کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کھرمنگ نے کہا کہ دریا سے ملنے والی لاش کھرمنگ انتظامیہ نے قبضے میں لی ہے، خاتون کی تدفین پاکستان میں ہی کر دی گئی ہے۔