بھارت کی ریاست بہار میں شادی کی تقریب کے دوران اسٹیج پر کرنٹ لگنے سے گلوکارہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر سمستی پور کے گاؤں مابی میں شادی کی تقریب جاری تھی جس میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں پرفارم کرنے کیلیے مقامی گلوکارہ مینا دیوی کو مدعو کیا گیا۔
پرفارمنس کے دوران اچانک مائیک میں کچھ خرابی پیدا ہوگئی لیکن مینا دیوی نے گانا جاری رکھا۔ ایک موقع پر مائیک کے ذریعے انہیں کرنٹ لگا اور وہ وہیں گر گئیں۔
یہ دیکھتے ہی تقریب میں موجود خواتین نے چیخنا چلانا شروع کر دیا جس کی وجہ سے علاقہ مکین وہاں جمع ہوگئے۔
افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور مینا دیوی کی لاش کو قبضے میں لے کر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا لیکن تب تک وہ موت کے منہ میں جا چکی تھیں۔
گلوکارہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے بھیج دیا گیا جبکہ پولیس نے کرنٹ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔