بھارت کی ریاست تلنگانہ کے شہر کریم نگر میں جنونی عاشق نے شادی کی پیشکش ٹھکرانے پر 26 سالہ لڑکی کا بلیڈ سے گلا کاٹ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ روز 4 جنوری کو کریم نگر میں پیش آیا جہاں ایم ساہی نامی ملزم نے اپنی پڑوسن کاویا کو بلیڈ سے زخمی کیا۔
ملزم پچھلے کچھ ماہ سے کاویا کو بار بار شادی کی پیشکش کر کے ہراساں کر رہا تھا۔ گزشتہ روز اس نے دیکھا کہ کاویا کے گھر پر کوئی نہیں ہے تو وہ ایک بار پھر اپنی محبت کا اظہار کرنے چلا گیا۔
کاویا ملزم کو اپنے گھر میں دیکھ کر حیران رہ گئی اور اسے واپس جانے کو کہا، لیکن ایم ساہی نے اسے شادی کی پیشکش کی جسے متاثرہ لڑکی نے ٹھکرا دیا۔
ایم ساہی انکار پر طیش میں آگیا اور اس نے جیب سے بلیڈ نکال کر کاویا کے گلے پر پھیر دی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔ لڑکی کے شور مچانے پر علاقہ مکین جمع ہونے لگے تو ملزم موقع پا کر فرار ہوگیا۔
کاویا کو فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فرار کی گئی۔ اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے متاثرہ لڑکی کے اہل خانہ کی شکایت پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو عدالت میں پیش کر کے مزید قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔