مسافر کوچ میں خاتون نے بچے کو جنم دیا، شوہر نے نومولود کو باہر پھینک دیا

بھارت میں مسافر کوچ میں خاتون نے بچے کو جنم دیا تو شوہر نے مبینہ طور پر نومولود کو کھڑکی سے باہر پھینک دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے پربھنی ضلع میں سلیپر کوچ بس میں سفر کے دوران 19 سالہ خاتون نے بچے کو جنم دیا جس کے بعد شوہر ہونے کا دعویٰ کرنے والے شخص نے مبینہ طور پر نومولود کو کھڑکی سے باہر پھینک دیا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی۔

افسوسناک واقعہ صبح تقریبا 6:30 بجے پیش آیا، جب راہگیر نے بس سے پھینکی گئی کپڑے میں لپٹی ہوئی چیز کو دیکھا اور فوری پولیس کو آگاہ کیا۔

خاتون جس کی شناخت ریتیکا دھیرے کے نام سے ہوئی ہے وہ الطاف شیخ کے ساتھ پونے سے پربھنی جارہی تھی جس نے شوہر ہونے کا دعویٰ کیا تھا اور سلیپر کوچ میں سور تھا، سفر کے دوران ریتیکا نے بچے کو جنم دیا۔

پولیس کے مطابق جوڑے نے نومولود کو کپڑے میں لپیٹ کر بس سے باہر پھینک دیا، بس ڈرائیور نے بس سے کوئی چیز پھینکے جانے پر پوچھ گچھ کی تو الطاف نے کہا کہ اہلیہ کو قے آئی تھی۔

شہری نے کپڑے کو یچک کیا تو اس میں نوزائیدہ بچہ موجود تھا، فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے پولیس کو بلایا گیا۔

پولیس ٹیم نے بس کو روکا اور ابتدائی تفتیش کے بعددھیرے اور شیخ دونوں کو حراست میں لیا، پوچھ گچھ کے دوران جوڑے نے مبینہ طور پر بچے کو پھینکنے کا اعتراف کیا کیونکہ وہ بچے کی پرورش کرنے سے قاصر تھے، نومولود سڑک پر گرنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پولیس کے مطابق دھیرے اور شیخ دونوں کا تعلق پربھنی سے ہے اور وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے پونے میں رہ رہے تھے۔ اگرچہ انہوں نے شادی شدہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا لیکن وہ اپنے تعلقات کی تصدیق کے لیے کوئی دستاویز فراہم نہیں کر سکے۔

جوڑے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔