محبت کے عالمی دن ولینٹائن ڈے پر پولینڈ میں ایک خاتون نے بیک وقت 5 بچوں کو جنم دیا ہے نومولودوں میں 3 لڑکیاں اور 2 لڑکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 14 فروری کو دنیا بھر میں محبت کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس روز پولینڈ میں ڈومنیکا کلارک نامی خاتون کے ہاں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ انہوں نے کراکوف شہر کے اسپتال میں 3 لڑکیوں اور 2 لڑکوں کو جنم دیا ہے۔ جن کے نام اریانا، ایلزبتھ، ایونجلین، چارلس اور ہینری رکھے گئے ہیں۔
نوزائیدہ بچوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے جس کیلیے انہیں آکسیجن دی جا رہی ہے۔
کلارک جو پہلے ہی 7 بچوں کی ماں ہیں جن کی عمریں 10 ماہ سے 12 سال کے درمیان ہیں وہ اپنے گھر 5 بچوں کی پیدائش پر بے حد مسرور ہیں۔
پولش خاتون نے اپنے برطانوی شوہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 5 بچوں کی پیدائش کو قدرت کا کرشمہ قرار دیا اور کہا کہ دنیا میں 5 کروڑ میں سے صرف ایک عورت 5 بچے ایک ساتھ جنم دے سکتی ہے۔
ڈومنیکا کلارک کا کہنا تھا کہ ہم تو آٹھویں بچے کی پیدائش کی منصوبہ بندی کر رہے تھے لیکن غیر متوقع طور پر ایک سے زائد بچوں کی پیدائش ہوگئی۔