سندھ کے شہر حیدرآباد میں خاتون ٹیوشن ٹیچر تین بچوں کو اغوا کرکے فرار ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حیدرآباد کے نواحی گوٹھ بڈھو پالاری میں خاتون ٹیچر تین بچوں کو اغوا کرکے فرار ہوگئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ اغوا کار خاتون گوٹھ بڈھو پالاری میں بچوں کو ٹیوشن پڑھانے آتی تھی، مغویوں میں ایک بچہ اور دو بچیاں شامل ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے گزشتہ روز بچوں کو بلوایا اور تین بچوں کو رکشے میں بٹھا کر لے گئی۔
ایس ایس پی امجد شیخ نے واقعے کا نوٹس لے کر بچوں کی فوری بازیابی اور ملزمہ کی گرفتاری کی ہدایت دے دی۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل سول اسپتال حیدرآباد میں زیرعلاج خاتون کے چھ سال کے بچے کو مرد اور خاتون اغوا کرکے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے تھے۔
بچے کی والدہ کا سول اسپتال میں آپریشن ہوا تھا اور بچے کو اکیلا دیکھ کر اغواکاروں نے اسے اغوا کیا تاہم واقعے کی رپورٹ درج کرکے ملزمان کی تلاش کردی گئی تھی۔