کراچی میں خاتون کا قتل، شوہر اور سالی گرفتار

کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں خاتون کے قتل کے الزام میں پولیس نے پہلی بیوی، شوہر اور سالی کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے دہلی کالونی گلی نمبر پانچ میں گھر سے 28 سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی پولیس کا بتانا ہے کہ مقتولہ سونیا کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف پرچہ درج کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دہلی کالونی سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کی شناخت سونیا کے نام سے کی گئی تھی۔

یہ پڑھیں: کراچی: گھر میں پانی کی ٹنکی سے خاتون کی لاش برآمد

اس سے قبل ستمبر میں کراچی کے علاقے گولیمار کشمیر چوک کے قریب گھر کی ٹنکی سے خاتون کی لاش بر آمد ہوئی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کی شناخت نورین نوید کے نام سے ہوئی جو ذہنی مریضہ تھی اور چار روز قبل لاپتہ ہوئی تھی۔

حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کی لاش اس کے گھر سے متصل ماموں کے گھر کے ٹینک سے ملی ہے تعفن اٹھنے پر گھر والوں نے ٹینک میں دیکھا تو لاش موجود تھی۔