بھارت میں خاتون نے ہندو تہوار ’کروا چوتھ کا ورت‘ رکھنے کے بعد شوہر کو کھانے میں زہر دے کر قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے رپورٹس کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع کوشامبی میں خاتون نے مبینہ طور پر ہندو تہوار کے ورت کے فوری بعد شوہر کو کھانے میں زہر دے کر مار ڈالا جبکہ بیویاں ورت میں شوہروں کی لمبی عمر کی دعائیں مانگتی ہیں۔
مقتول کی شناخت 32 سالہ شیلیش کمار کے نام سے ہوئی اور اس کی بیوی کو مبینہ طور پر شوہر پر شک تھا۔
شیلیش صبح سے ہی کروا چوتھ کی رسومات کی تیاریوں میں مصروف تھا کیونکہ اس کی بیوی نے اس کے لیے روایتی ورت رکھا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ شام کو خاتون کے ورت توڑنے سے قبل جوڑے کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔
لیکن جلد ہی دونوں میں صلح ہوگئی اور سویتا نے رات کا کھانا تیار کیا اور میکرونی میں زہر ملایا اور پڑوسی سے ملنے کا بہانا بنا کر بھاگ گئی۔
شیلیش کی طبیعت کچھ دیر بعد بگڑ گئی اہلخانہ اسے اسپتال لے کر گئے لیکن دوران علاج اس کی موت ہوگئی۔
موت سے قبل شیلیش نے ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا جس میں اس نے بیوی پر زہر دینے کا الزام لگایا بعدازاں اہلخانہ نے پولیس کا آگاہ کیا جس نے لاش پوسٹ مارٹإ کے لیے اسپتال منتقل کردی۔
پولیس نے شیلیش کے بھائی کی مدعیت میں سویتا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم خاتون کو گرفتار کرلیا اس سے واقعے کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔