کچرا چننے والی لڑکی کیساتھ اجتماعی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آگیا

کچرا چننے والی لڑکی کیساتھ اجتماعی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آگیا

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں کچرا چننے والی 12 سالہ معصوم لڑکی کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آگیا۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ 12 سالہ لڑکی سے اجتماعی جنسی زیادتی کرنے والے 4 ملزمان اور خاتون سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق چاروں ملزمان چائے پتی کی دکان پر ملازمت کرتے ہیں جبکہ ملزمہ ان کی روزانہ کی گاہک ہے۔

یکم جنوری کو ملزمان نے خاتون سے کہا کہ وہ ایک زیرِ تعمیر عمارت میں لڑکی لے آئے جس کے بدلے میں اسے رقم دی جائے گی۔

خاتون مقررہ وقت پر کچرا چننے والی لڑکی کو پیسوں کا لالچ دے کر اُس عمارت میں لے گئی جہاں ملزمان پہلے سے موجود تھے۔

متاثرہ لڑکی کو ملزمان کے حوالے کیا گیا جنہوں نے معصوم کو اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو وہ اسے جان سے مار دیں گے۔

دو دن بعد متاثرہ لڑکی نے صدر بازار میں مقیم اپنے کزن کو اس بارے میں بتایا تو وہ حیران رہ گیا۔ کزن نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد خاتون سمیت ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ چائے پتی کی دکان پر کام کرنے والے چار ملزمان میں سے تین کی عمریں 12، 14 اور 15 ہیں۔