خاتون رکن اسمبلی نے انجینئر کو تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

بھارت میں خاتون رکن اسمبلی نے انجینئر کو سرعام تھپڑ جڑ دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹرا میں خاتون ایم ایل اے گیتا جین میونسپل کارپوریشن کے انجینئر سے ناراض ہوگئیں اور انہیں سرعام تھپڑ مار دیا۔

جب یہ واقعہ پیش آیا انجینئر شبھم پاٹل ڈویژن 6 میں کنٹریکٹ پر کام کررہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ڈویژن 6 کے پینکر پاڑا کے رہائشی راجیو سنگھ کے گھر کا کچھ حصہ راج رئیلٹی نامی بلڈر کی زمین پر تھا اس بات پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔

راجیو سنگھ کا بتانا ہے کہ بلڈر سریندر اپادھیائے نے میونسپل کارپوریشن کے ساتھ ملی بھگت کرکے مکان گرایا تھا، 14 جون کو موینسپل انجینئر شبھم پاٹل اور سنجے سونے نے بغیر پیشگی اطلاع کے ان کے گھر کے کچھ حصے کو منہدم کردیا تھا۔

ایم ایل اے گیتا جین بلڈر اور راجیو سنگھ کے درمیان ثالت کا کردار ادا کررہی تھیں اس دوران شبھم پاٹل وہاں کھڑے ہنسنے لگے اس پر وہ ناراض ہوگئیں اور انہیں تھپڑ مار دیا۔

گیتا جین بی جے پی کی سابق میئر ہیں انہوں نے 2019 انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔