خاتون پولیو ورکر اغوا کے بعد مبینہ عصمت دری کا شکار

’شوہر نے گھر سے نکال دیا‘: زیادتی کا شکار پولیو ورکر کا ویڈیو بیان

سندھ کے شہر جیکب آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو ملزمان نے خاتون پولیو ورکر کو اغوا کے بعد مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔

ڈپٹی کمشنر جیکب آباد ظہور علی نے بتایا کہ واقعہ مولاداد تھانے کی حدود گاؤں ڈیتھا میں پیش آیا، پولیس کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ کر مغوی خاتون کو بازیاب کروا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ پولیو ورکر کو سخت سکیورٹی میں جمس اسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کا میڈیکل چیک اپ کیا جا رہا ہے، میڈیکل چیک اپ کے بعد زیادتی ہونے نہ ہونے کی تصدیق ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ متاثرہ پولیو ورکر نے بتایا کہ 2 ملزمان نے اسے پولیو کے بہانے بلوایا، ملزمان نے اسلحے کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ظہور علی نے کہا کہ دونوں ملزمان کی نشاندہی ہو چکی ہے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا نوٹس

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

مراد علی شاہ نے مقامی انتظامیہ کو لیڈی ہیلتھ ورکر کو تحفظ فراہم کرنے، ملزم کے خلاف تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ دینے اور متاثرہ خاتون کی بھرپور مدد کی ہدایت کر دی۔