شادی سے انکار پر لڑکی نے لڑکے کے گھر کے سامنے خود کو آگ لگا دی

شادی سے انکار پر لڑکی نے لڑکے کے گھر کے سامنے خود کو آگ لگا دی

(25 جولائی 2025) بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع چتور میں لڑکی نے شادی کی پیشکش ٹھکرانے پر اپنے بوائے فرینڈ کے گھر کے سامنے خود کو آگ لگا لی۔

انڈین میڈیا کے مطابق پراڈاتور روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (آر ٹی سی) ڈپو میں بطور کانسٹیبل کام کرنے والی لڑکی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔

خودکشی کی کوشش کرنے والی لڑکی ضلع کڑپہ کے رہائشی نوجوان لڑکے کو پسند کرتی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکے نے مبینہ طور پر شادی سے انکار کیا جس کے بعد لڑکی نے انتہائی قدم اٹھانے کی کوشش کی۔

پولیس حکام کے مطابق لڑکی نے بوائے فرینڈ کے گھر کے سامنے خود کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی اور شدید زخمی ہوگئی، معاملے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں۔

حال ہی میں بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک شخص نے شادی سے انکار کرنے پر مبینہ طور پر ایک 18 سالہ لڑکی پر ٹوائلٹ ایسڈ کلینر سے حملہ کیا۔

ملزم کی شناخت آنند کمار کے نام سے ہوئی جو متاثرہ لڑکی کا قریبی رشتہ دار ہے اور اس کی عمر 20 سال بتائی جاتی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق آنند کمار نے گاؤں کی لڑکی ویشالی سے شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا لیکن اس نے اس کی تجویز کو ٹھکرا دیا تھا۔

انکار سے مشتعل ہو کر اس نے مبینہ طور پر اس کے گھر کے باہر ٹوائلٹ ایسڈ کلینر اس کے چہرے پر ڈالا اور پھر ڈیزل میں ڈوب کر اور خود کو آگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔