سانپ کے ڈسنے سے ہلاک خاتون کو گوبر میں کیوں دفن کیا گیا؟

سانپ کے ڈسنے سے ہلاک خاتون کو زندہ کرنے کیلیے گوبر میں دفن کر دیا گیا

بھارتی ریاست اتر پردیش میں توہم پرستی کا ایک اور واقعہ پیش آیا جہاں سانپ کے ڈسنے سے ہلاک ہونے والی خاتون کو گائے کے گوبر میں دفن کر دیا گیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق ضلع سیتاپور میں 60 سالہ خاتون کو سانپ نے ڈس لیا جس کے باعث ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔ اہل خانہ خاتون کو اسپتال لے گئے تھے جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی تھی۔

ڈاکٹروں نے اہل خانہ کو بتایا کہ خاتون کو خطرناک اور زہریلے سانپ نے ڈسا ہے جو منٹوں میں انسان کو موت کے منہ میں لے جاتا ہے۔

غم سے نڈھال اہل خانہ آخری رسومات کی ادائیگی کیلیے خاتون کی لاش گھر لائے جہاں ایک تانترک بھی پہنچ گیا اور مردہ کو 24 گھنٹے کے اندر زندہ کر دینے کا دعویٰ کیا۔ جب یہ خبر پھیلی تو کرشمہ دیکھنے کیلیے لوگوں کی بڑی تعداد گھر کے باہر جمع ہوگئی۔

تانترک کے مشورے پر لاش کو گائے کے گوبر میں دفن کیا گیا کہ وہ زندہ ہو جائے گی، رات 9 بجے 24 گھنٹے کا وقت مکمل ہونے کے بعد جب لاش نکالی گئی تو وہاں موجود ہر کوئی دنگ رہ گیا کیونکہ خاتون مردہ حالت میں ہی پائی گئیں۔

خاتون کو دوبارہ مردہ حالت میں دیکھ کر اہل خانہ زار و قطار رونے لگے جبکہ مکینوں نے تانترک کے دعوے کو جھوٹ قرار دیا اور توہم پرستی کا الزام لگاتے ہوئے وہاں سے روانہ ہوگئے۔