بھارت کی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع گریڈیہ میں سفاک ماں نے فون پر بات کرنے کے دوران رونے پر 2 سالہ بچے کی جان کے لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی چھ سال قبل شادی ہوئی تھی اور اس کے دو بیٹے ہیں جن میں سے ایک کو اس نے قتل کر دیا۔ ملزمہ کے سسرال والوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔
ملزمہ کے سسر نے پولیس کو بتایا کہ شوہر سے لڑائی کرنے کے بعد بہو نے خود کو 2 سالہ بیٹے کے ہمراہ ایک کمرے میں بند کر دیا تھا اور کسی سے فون پر گفتگو کر رہی تھی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ فون کال کے دوران بچہ رو رہا تھا جس سے تنگ آکر بہو نے اس کا گلا گھونٹ کر موت کی نیند سلا دیا۔
سسر کے مطابق کافی دیر بعد اس نے دروازہ کھولا اور شوہر کو اندر بلایا، شوہر نے دیکھا اس کا دو سال بچہ مردہ حالت میں پڑا ہے، ہم نے اس کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔
پولیس نے بچے کو قتل کرنے کے الزام میں خاتون کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔
ملزمہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ میں نے جان بوجھ کر اپنے بچے کی جان نہیں لی بلکہ میں نے غصے میں اس کو دھکا دیا تو وہ پلنگ سے نیچے گر گیا۔
پولیس نے بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال بھیج دیا جس کی رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔