ویڈیو: سمندری لہر ماں کو بہا لے گئی، بچے چیختے رہے

ویڈیو: سمندری لہر ماں کو بہا لے گئی، بچے چیختے رہے

بھارت کے شہر ممبئی میں بینڈ اسٹینڈ نامی سیاحتی مقام پر سمندری لہر شوہر کے ساتھ تصاویر بنوانے میں مصروف خاتون کو بہا لے گئی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جیوتی سونار نامی 32 سالہ خاتون کی فیملی پکنک اُس وقت سانحہ بن گئی جب سمندری لہر ان کو بہا لے گئی۔

سوشل میڈیا پر اس حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیوتی سونار شوہر کے ساتھ سمندر کنارے چٹان پر بیٹھی ہے جبکہ بچے والدین کی تصاویر اور ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

اس دوران اچانک سمندری لہر نے چٹان پر بیٹھے جوڑے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور دونوں کو بہا لے گئی۔ موقع پر موجود افراد نے انہیں بچانے کی کوشش کی۔

ایک شہری نے جیوتی سونار کے شوہر کا پاؤں پکڑ لیا جس کی وجہ سے وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہا لیکن جیوتی سونار لاپتا ہوگئیں۔

ویڈیو میں حادثے کے دوران بچوں کو ’ماں ماں‘ چیختے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ موقع پر موجود افراد میں سے ایک نے فوراً پولیس اور ریسکیو حکام کو اطلاع دی۔

پولیس اور ریسکیو ٹیم نے خاتون کو تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی سراغ نہ مل سکا۔