ویمن ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ، انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

سڈنی: ویمن ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ویمن ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے میچ میں انگلیںڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے دی، 158 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم آخری اوور میں 116 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اوپنر منیبہ 10 اور جویریہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، کپتان بسمہ معروف بھی صرف 4 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھیں۔

پاکستان کی صرف عالیہ ریاض انگلش بولرز کے خلاف تھوڑی بہت مزاحمت کرسکیں اور 41 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز اسکور بورڈ پر سجائے تھے۔

انگلینڈ کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا صرف 4 کے اسکور پر پہلی وکٹ ایمی جونز کی گری جو دو رنز بنا کر ڈیانا بیگ کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ 47 رنز پر گری جب ڈینی ویٹ 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

دو کھلاڑیوں خے جلد آؤٹ ہونے کے بعد انگلش کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹیم کو سنبھالا اور 62 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے ایمن انور نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ندا ڈارنے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیانا بیگ اورعالیہ ریاض کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔