وومنز ایشیا کپ: عالیہ ریاض کی دھواں دار بیٹنگ، یو اے ای کو شکست

سلہٹ: بنگلا دیش میں جاری وومنز ایشیا کپ میں سترہ ویں میچ میں پاکستان ٹیم نے متحدہ عرب امارت کو 71 رنز سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش میں ایشین چیمپئن بننے کی جنگ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارت کو 71 رنز سے شکست دے دی، 146 رنز ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 5 وکٹوں پر 74 رنز ہی بنا سکی۔

قومی ٹیم نے پہلے کھیل کر 5 وکٹوں پر 147 رنز بنائے، عالیہ ریاض نے ندا ڈار کے ساتھ چھٹی وکٹ پر 67 رنز کی شراکت بنائی۔

عالیہ نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی ففٹی اسکور کی، چھتیس گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 57 رنز ناٹ آؤٹ کی شان دار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

یہ پاکستان وومن ٹیم کی اس ٹورنامنٹ میں چوتھی کامیابی ہے۔

پاکستان ٹیم کی جانب سے منیبہ علی نے 43 رنز اسکور کیے، جب کہ ندا ڈار 25 رنز پر کریز پر کھڑی رہیں۔ یو اے ای کی جانب سے عشا اُزا نے 22 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی جانب سے خوشی شرما نے سب سے زیادہ 20 رنز اسکور کیے، ایمن انور، نشرا سندھو اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ لی۔