نیوزی لینڈ کے سینئر بلے باز ڈیرل مچل نے کہا ہے کہ پاکستان کی اس کی ہوم کنڈیشنز میں کھیلنا آسان نہیں ہوگا۔
شاہینوں کے دیس میں وائٹ بال سیریز کھیلنے کے لیے کیوی کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے۔ وہ دورہ پاکستان کے دوران 5 ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
نیوزی لینڈ ٹیم ٹام لیتھم کی قیادت میں لاہور پہنچی۔ ایئرپورٹ سے مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں نجی ہوٹل لے جایا گیا۔
مہمان ٹیم دو دن آرام کے بعد 13 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی اسی روز ہوگی۔
An early morning check in with Daryl Mitchell on arrival in Lahore #PAKvNZ pic.twitter.com/gOlmpqLjxE
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) April 10, 2023
ٹیم ہوٹل پہنچنے کے بعد آل راؤنڈر ڈیرل مچل نے مذکورہ سیریز کے لیے اپنے جوش کا اظہار کیا۔ مچل نے کہا کہ ‘یہاں واپس آکر بہت پرجوش ہوں اور پاکستان میں کھیلنا ہمیشہ خوشی کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اسکواڈ میں کچھ نئے چہرے ہیں یہ دورہ طویل ہے اور پاکستان کو ان کی ہوم کنڈیشنز میں کھیلنا آسان نہیں ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 14 اپریل سے ہوگا۔ سیریز کے پہلے تین میچز لاہور آخری دو میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
کیوی ٹیم ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے گی جس کے بعد دونوں ٹیمیں بقیہ تین میچز کھیلنے کے لیے کراچی کا رخ کریں گی۔