ورلڈ کپ میں نا قابل شکست بھارت کے لیے بُری خبر

رواں ورلڈ کپ 2023 میں تاحال نا قابل شکست میزبان بھارت کے لیے بری خبر کہ آل راؤنڈر اور ٹیم کے نائب کپتان ہاردیک پانڈیا مکمل فٹ نہیں ہو سکے ہیں۔

بھارت میں جاری کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں میزبان انڈیا تاحال نا قابل شکست ہے اور اس نے اب تک کھیلے گئے اپنے پانچوں میچز جیت رکھے ہیں جس کے ساتھ ہی وہ پوائنٹس ٹیبل پر 10 پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست ہے۔

بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر اور نائب کپتان ہاردیک پانڈیا جو گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش کے میچ میں ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے کے باعث میدان سے باہر چلے گئے تھے ان فٹ ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کیخلاف بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔

تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ٹیم کے لیے بری خبر یہ ہے کہ وہ تاحال مکمل طور پر فٹ نہیں ہو سکے ہیں جس کے باعث ان کا ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف اتوار 29 اکتوبر کو ہونے والا میچ بھی نہ کھیلنے کا امکان ہے۔

پانڈیا کی انجری کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہاردیک پانڈیا تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں اور ان کی انجری باعث تشویش نہیں۔

تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے ان کی صحتیابی کے حوالے سے کوئی ڈیڈ لائن یا اگلے میچ کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہ ہونے کے باعث ان اطلاعات کو تقویت ملتی ہے کہ پانڈیا اتوار کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔