بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے میچز میں نیدر لینڈ نے فیلڈنگ کے شعبے میں اپنا لوہا منوا لیا ہے جب کہ سری لنکا ٹیم نے بدترین فیلڈنگ کی ہے۔
کرکٹ گیند اور بلے کا کھیل ہے لیکن اس میں فیلڈنگ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا چابک دست اور عقاب نظر فیلڈر پل بھر میں میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ ویسے بھی مقولہ مشہور ہے کہ کیچ ون دی میچ اور ایسی کئی مثالیں سامنے ہیں جن میں بڑی ٹیمیں کیچز گرا کر جیتے ہوئے میچز ہار بیٹھیں۔
بھارت میں جاری کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی گیند بلے کے کمالات کے ساتھ فیلڈنگ کے میدان میں کھلاڑی پھرتیاں دکھا رہے ہیں تاہم اب تک کھیلے گئے 25 میچز میں فیلڈنگ کے اعتبار سے حیرت انگیز طور پر نیدر لینڈ جیسی چھوٹی ٹیم نے سب سے آگے نکل کر بڑی بڑی ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
نیدرلینڈز فیلڈنگ میں سب سے بہتر جب کہ بھارت دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔ گرین شرٹس کا اس فہرست میں پانچواں نمبر ہے، کینگروز کیخلاف بدترین ناکامی سے قطع نظر وان ڈیر مروو نے اسٹیون اسمتھ کا شاندار کیچ تھاما، وارنر کا بھی ایک کیچ مشتبہ ہونے کی وجہ سے بیٹر کے حق میں گیا لیکن مروو نے اس پر بھی عمدہ کاوش کی تھی۔
ڈچ ٹیم اب تک کیچز تھامنے میں 87 فیصد کے ساتھ نمایاں ترین ہے، بھارت 83 فیصد کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 82 فیصد کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 81 فیصد کے ساتھ چوتھے، پاکستان 79 فیصد کے ساتھ پانچویں، بنگلہ دیش 77 فیصد کے ساتھ چھٹے، جنوبی افریقہ بھی 77 فیصد کے ساتھ ساتویں، افغانستان 67 فیصد کے ساتھ آٹھویں، آسٹریلیا 65 فیصد کے ساتھ نویں جب کہ سری لنکا 54 فیصد کے ساتھ دسویں اور آخری نمبر پر ہے۔