ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 33 رنز شکست دے دی

ورلڈ کپ کے 36ویں میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 33 رنز سے شکست دے دی۔

احمدآباد میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 287 رنز کے تعاقب میں 48.1 اوورز میں 253 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور کینگروز نے میچ 33 رنز سے جیت لیا۔

بین اسٹوکس کی 64 رنز کی اننگز بھی رائیگاں گئی، ڈیوڈ ملان 50 رنز بنا کر پیٹ کمنز کو وکٹ دے بیٹھے۔

جونی بیرسٹو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جو روٹ 13 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا نشانہ بنے، کپتان جوز بٹلر ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

معین علی نے 42 رنز بنائے، کرس ووکس 32 اور عادل رشید 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم 49.3 اوورز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے  287 رنز کا ہدف دیا تھا۔

مارنوس لبوشین نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اسٹیو اسمتھ 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کیمرون گرین نے 47 رنز بنائے، مارکس اسٹونس 35 رنز بنا کر چلتے بنے۔

ایڈم زمپا 29 رنز بنا کر کرس ووکس کو وکٹ دے بیٹھے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارک ووڈ اور عادل رشید نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلینڈ نے آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کافیصلہ کیا تھا۔

انگلش کپتان جوز بٹلر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پچ دیکھنے میں تھوڑی مشکل لگ رہی ہے، جبکہ انگلینڈکی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کاہی فیصلہ کرتے، انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم میں مارش اورمیکسویل کی جگہ گرین اور اسٹوئنس کو شامل کیا گیا ہے۔